یوپی بورڈ کے آج سے امتحانات ، نقل کرنے پر سخت کارروائی!

   

لکھنو: اتر پردیش سینئر سیکنڈری بورڈ کے امتحانات جمعرات 16 فروری سے شروع ہونے جا رہے ہیں۔ ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کے لئے ہونے والے ان امتحانات کو نقل سے پاک بنانے کے لئے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے تمام اقدامات لئے گئے ہیں۔ یوگی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی طالب علم امتحان کے دوران نقل کرتے ہوئے پکڑا جاتا ہے تو اس پر قومی سلامتی قانون کے تحت کارروائی کی جا ئے گی۔ علاوہ ازیں، نقل کرنے میں ملوث پائے جانے پر کمرہ انویجیلیٹرس اور سنٹر کے منتظمین کیخلاف بھی ایف آئی آر درج کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے یوپی بورڈ کے امتحانات سے متعلق افسران کو حکم دیا کہ پہلی مرتبہ ضلع مجسٹریٹوں کی جانب سے ہر امتحانی مرکز پر اسٹیٹک مجسٹریٹ اور سیکٹر مجسٹریٹ تعینات کیے جائیں گے۔امتحان ختم ہونے کے بعد وہ ضلع مجسٹریٹ کے ساتھ ضلع انسپکٹر آف اسکولز کو رپورٹ کریں گے اور تمام سرگرمیوں کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے۔امتحانی پرچوں کی کڑی نگرانی کے لیے پرنسپل کے کمرے سے الگ پہلی مرتبہ ایک اسٹرانگ روم قائم کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ کاپیوں کو ڈبل لاک الماری میں رکھا جائے اور 24 گھنٹے سی سی ٹی وی کے ذریعے اس کی نگرانی کی جائے گی۔