نئی دہلی ۔25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس قائد پرینکا گاندھی وڈرا نے حکومت یوپی پر الزام عائد کیا کہ کسانوں کے مسائل کا تذکرہ صرف حکومت کے اشتہاروں تک محدود ہے۔ ان کی شکایات دور کرنے کی عملی طور پر کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ کسانوں کو ان کی مستحقہ رقومات حاصل نہیں ہورہی ہیں اور نہ برقی سربراہی کافی مقدار میں کی جارہی ہے لیکن ان کے برقی سربراہی کے بل میں زبردست اضافہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ قرضوں کی معافی کا تیقن دیا گیا تھا لیکن بعدازاں دھوکہ دیا گیا۔ یہ ان کی توہین کے مترادف ہے۔ پرینکا گاندھی وڈراکو انچارج امور مشرقی یوپی مقرر کیا گیا ہے۔ وہ ریاستی کاشتکاروں کو درپیش مسائل اور ان کی شکایات کے بارے میں ریاستی حکومت سے احتجاج کررہی تھی۔ انہیں کانگریس کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں جنرل سکریٹری انچارج امور مشرقی یوپی مقرر کیا گیا ہے۔