یوپی : جیل میں بند سابق ایم پی عتیق احمد پر بزنسمین کا اغواء، حملہ کرنے کا الزام

   

لکھنؤ 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) لکھنؤ کے ایک بزنسمین نے الزام عائد کیاکہ اس شہر سے گزشتہ ہفتہ اغواء کیا گیا تھا اور اسے تقریباً 300 کیلو میٹر دور دیوایا جیل لے جایا گیا جہاں گینگسٹر عتیق احمد اور اس کے ساتھیوں نے اس پر حملہ کیا اور اسے 40 کروڑ روپئے مالیت کی جائیداد کی نسبت دستخط کرنے پر مجبور کیا۔ پولیس میں درج کروائی گئی شکایت میں رئیل اسٹیٹ بزنسمین موہیت جیسوال نے یہ بھی الزام عائد کیاکہ احمد، جو سماج وادی پارٹی کے سابق ایم پی ہیں، ان کے بیٹے عمر اور دیگر 15 افراد نے زبردستی اس کی SUV لے لی جس میں اسے دیوریا لے جایا گیا تھا۔ اترپردیش کے پرنسپال سکریٹری (ہوم) اروند کمار نے اتوار کو رات دیر گئے ایک بیان میں کہاکہ حکومت نے اے ڈی جی پریژن سے رپورٹ طلب کی ہے تاکہ دیوریا جیل میں ہوئی کوتاہی کے سلسلہ میں ذمہ داری عائد کی جائے اور اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ کرشنا نگر پولیس اسٹیشن میں ایک ایف آئی آر درج کیا گیا ہے۔ نام بتائے گئے چار ملزمین کے منجلہ دو کو گرفتار کیا گیا ہے۔