یوپی حکومت بابا صاحب کے خوابوںکو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے پرعزم:یوگی

   

لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو آئین ساز ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی 131ویں جینتی پر ان کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت بابا صاحب کے سپنوں کو پورا کرنے کے لئے کمر بستہ ہے ۔یوگی نے نائب وزیر اعلی برجیش پاتھک اور بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ کے ساتھ یہاں واقع بابا صاحب کی مورتی پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر یوگی نے ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔انہوں نے بتایا کہ’بھارت رتن بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر جی کی جینتی کے موقع پر حضرت گنج لکھنؤ واقع ان کی مورتی پر گلپوشی کر کے انہیں اپنی خراج عقیدت پیش کیا۔ اترپردیش حکومت بابا صاحب کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔یوگی نے اپنے پیغام میں کہا’ ہندوستان کے ہمہ گیر آئین کے معمار، ممتاز قانون دان، معذور، استحصال زدہ اور محروم سماج کی مضبوط آواز، ‘بھارت رتن’ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر جی کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت’۔