فوری رہائی کیلئے الہ آباد ہائیکورٹ کے احکام کے بعد کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کا ردعمل
نئی دہلی۔ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے قومی سلامتی قانون کے تحت محروس ڈاکٹر کفیل خاں کی فوری رہائی کیلئے الہ آباد ہائیکورٹ کے احکام کا خیرمقدم کیا اور توقع ظاہر کی کہ اترپردیش حکومت کسی بدنیتی کے بغیر ڈاکٹر کفیل کو فوری رہا کردے۔ الہ آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر کفیل خاں کی حراست کو کالعدم قرار دیا ہے۔ الہ آباد ہائیکورٹ نے کفیل خاں کی فوری رہائی کا حکم دیا ہے۔ وہ ڈسمبر میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں ایک تقریر کے بعد سے جیل میں محروس ہیں۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ الہ آباد ہائیکورٹ نے قومی سلامتی قانون کو فوری ہٹا دینے اور ڈاکٹر کفیل کی فوری رہائی کا حکم دیا ہے۔ توقع ہے کہ یوپی حکومت کسی بھی بدنیتی کے بغیر انہیں رہا کرے گی۔ انہیں تمام انصاف پسند عوام اور ریاست یوپی میں پارٹی ورکرس کو مبارکباد دی جنہوں نے ڈاکٹر کفیل خاں کی رہائی کیلئے انتھک کوششیں کیں۔ پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر کفیل کو ناحق محروس رکھا گیا تھا۔