یوپی حکومت ظالم کی پشت پناہ :راہول

   

نئی دہلی ۔ 30ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے آج اُترپردیش کی بی جے پی حکومت کو اپنی پارٹی کے قائدین کی گرفتاری پر تنقید کا نشانہ بنایا ۔ یہ گرفتاریاں چنمیانند کیس میں احتجاجوں کے سلسلے میں کی گئیں ۔ اُنھوں نے ادعا کیا کہ کانگریس ورکرس سڑکوں پر ڈٹے رہیں گے اور جابرانہ روش کے خلاف مزاحمت کریں گے ۔ پولیس نے شاہجہاں پور میں کہا کہ تقریباً 80 کانگریس ورکرس کو گرفتار کیا گیا جبکہ وہ مارچ سے قبل جلسہ عام منعقد کررہے تھے۔ وہ بی جے پی کے سابق مرکزی وزیر چنمیانند پر ریپ کا الزام عائد کرنے والی طالبہ کی تائید میں نکل پڑے ہیں ۔ راہول نے ہندی میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی حکومت بیٹیوں پر مظالم ڈھانے والے شخص کی پشت پناہی کررہی ہے ۔