لکھنو: اترپردیش خاتون کمیشن کی رکن اور بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کی ریاستی مجلس عاملہ کی رکن رہی پرینودا سنگھ تومر نے بدھ کو سبھی عہدوں سے استعفی دے دیا۔پارٹی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ کو بھجے استعفے میں انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست میں بدعنوانی اپنے شباب پر ہے اور خواتین استحصال کے واقعات میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی کسانوں کے تئیں بھی بی جے پی کا رویہ کافی مایوس کن رہا ہے ۔پرینودا نے کہا کہ بی جے پی حکومت زرعی قوانین کی مخالفت میں تحریک چلارہے کسانوں کے تئیں عدم حساسیت کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہے ۔ کسان گذشتہ 131دنوں سے سراپا احتجاج ہیں۔ اس دوران 500سے زیادہ کسانوں کی موت ہوچکی ہے ۔چونکہ وہ خود بھی کسان کنبے سے تعلق رکھتی ہیں لہذا حکومت کے رویہ سے بہت ناخوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں خاتون ہراسانی کی واقعات میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے ۔ خاتون کمیشن کی رکن ہونے کے باوجود وہ خواتین کو انصاف دلانے میں ناکام ہیں۔ بی جے پی کے اندر بھی خواتین کو نظرانداز کیا جاتا ہے ریاست میں بدعنوانی کا بول بالا ہے ۔محترمہ تومر نے کہا‘ میں دلبرداشتہ ہوکر پارٹی کی رکنیت سے اور سبھی عہدوں سے استعفی دے رہی ہوں۔ اسی کے ساتھ اخلاقی بنیادوں پر ریاستی خاتون کمیشن کی رکنیت سے بھی استعفی دیتی ہوں۔