یوپی سکریٹریٹ ملازمین کا لوک بھون میں احتجاج

   

لکھنؤ۔2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ساتھی ملازم کے ساتھ ہوئی بدسلوکی پر مشتعل اترپردیش سکریٹریٹ ملازمین نے یو پی لوک بھون میں منگل کو اس وقت جم کر ہنگامہ کر تے ہوئے اپنا احتجاج درج کرایا جب وہاں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں کابینہ میٹنگ چل رہی تھی۔ملازمین سمکشا ادھیکاری منوج پرجا پتی کے ساتھ سرکل افسر قیصر باغ علاقے میں ایک پولیس افسر کے ذریعہ ٹریفک نظام کی خلاف ورزی کے الزام میں کی گئی بدسلوکی کے خلاف احتجاج کررہے تھے ۔ملازمین لوک بھون میں بڑی تعداد میں اکٹھا ہوئے اور جم کر نعرہ بازی کی۔اپنے احتجاج میں ملازمین نے ملزم پولیس اہلکار کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔ملازمین کے ہنگامہ دیکھ کر اڈیشنل چیف سکریٹری اویناش اوستھی نے ان سے ملاقات کر کے ان کے مطالبات کو سنا اور خاطی پولیس افسر کے خلاف جانچ کے بعد سخت کاروائی کی یقین دہانی کرائی۔ریاست کے وزیر قانون برجیش پاٹھک کے اسمبلی حلقے میں یہ واقعہ پیش آیا انہوں نے بھی ملازمین کو اس معاملے میں مناسب کاروائی کی یقین دہانی کرائی۔