لکھنو : حال ہی میں منعقد ہوئے یوپی اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے مایوس کن مظاہرے کو درکنار کر کارکنوں میں جوش بھرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے چہارشنبہ کو اعلان کیا کہ اترپردیش میں جیت حاصل ہونے تک ان کی پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی۔پارٹی کے نوسنکلپ ریلی میں پوری ریاست سے شرکت کے لئے آئے پارٹی ذمہ داران اور لیڈروں سے خطاب کرتے ہوئے واڈرا نے کہا کہ ہم دوگنی محنت کریں گے اور تب تک لڑیں گے جب تک جیت نصیب نہیں ہوتی۔ جی۔ جان سے لڑنے کے باوجود پارٹی کو ہار ملی لیکن مایوس ہونے کا وقت نہیں ہے بلکہ دوگنی توانائی سے لڑائی لڑنی پڑیگی۔اسمبلی انتخابات کے بعد پہلی بار لکھنو تشریف لائیں واڈرا کا استقبال مقامی اکائی نے گرمجوشی کے ساتھ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پارٹی کی شکست ہوئی، یہ ایک سچائی ہے جبکہ پارٹی کارکنوں کی محنت نے پورے ملک کے کارکنوں کو ترغیب دیا تھا۔ ہمیں اور گہرائی و گیرائی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام سے جڑنے کے لئے ہمیں اور کوششیں کرنی ہونگی۔ صرف سیاسی نہیں سماجی معاملات پر بھی عوام سے تعلقات استوار کرنا ہوگا۔ اس وقت بی جے پی جس طرح ملک کو لے جارہی ہے یہ وہ ملک نہیں ہے جس کے لئے مہاتما گاندھی،سردار پٹیل اور ڈاکٹر امبیڈکر نے لڑائی لڑی تھی۔ ہمیں گھر گھر جاکر لوگوں کو حقیقت سے روشناس کرانا ہوگا۔انہوں نے دعوی کیا کہ سال 2014 ء تک ملک کی معشیت آگے بڑھ رہی تھی لیکن آج ملک کی بری حالت پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔نوجوانوں کو ذات۔ مذہب کے نام پر تقسیم کر کے ان کے مستقبل کو برباد کیا جارہا ہے۔ کانگریس کارکنوں کو حالات تبدیل کرنے کے لئے نئی توانائی کے ساتھ لگنا ہوگا۔ میں ان کے ساتھ دوگنی طاقت سے محنت کرونگی۔ ہمیں ادئے پور چنتن شیور میں پاس کئے گئے قرار داد کی منشی کو سمجھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔کانگریس کے سابق ریاستی صدر اجئے کمار للو کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ للو نے جی جان سے جدوجہد کی، صرف الیکشن کے وقت نہیں بلکہ کووڈ بحران میں بھی ان کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے جم کر کام کیا۔ سڑک پر اُتر کر لاٹھیاں کھائی، جدوجہد کی۔پارٹی کے ریاستی صدر پر آج دو روزہ’نو سنکلپ ورکشاپ‘ میں پارٹی کے ڈیجیٹل ممبرشپ مہم، بلدیاتی انتخابات اورسوشل میڈیا کی اہمیت کے سلسلے میں خصوصی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں شامل ہونے کے لئے پوری ریاست سے پارٹی ذمہ داران، سابق اراکین اسمبلی و اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔