مظفر نگر ۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع شاملی میں پولیس نے ہفتہ کو کہا کہ 12بنگلہ دیشی شہریوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیا گیا ہے جنہوں نے گزشتہ ماہ دہلی کے تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شرکت کی تھی اور اب وہ انتظامیہ کے زیرنگرانی قرنطینہ میں ہیں۔ پولیس نے کہا کہ 12 بنگلہ دیشی شہریوں کے منجملہ دو افراد جمعہ کی شام کورونا وائرس سے مثبت پائے گئے جنہیں اب تھانہ بھون کالج میں سب سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔ تھانہ بھون پولیس اسٹیشن میں ان تمام کے خلاف 1946ء کے بیرونی شہریوں سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ ان 12 افراد کو پناہ دینے والے دو مقامی افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ 12 افراد موضع بھسانی کی ایک مسجد میں پائے گئے تھے اور ان دونوں افراد کو بھی ان کے ساتھ کورنٹائن وارڈ منتقل کیا گیا۔