لکھنؤ۔ 2 اگست (یو این آئی) یوم آزادی کے پیش نظر اتر پردیش حکومت نے تین مرحلوں میں ترنگا مہوتسو منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پہلا مرحلہ ہفتہ کو شروع ہوا جو 8 اگست تک جاری رہے گا، جبکہ دوسرا مرحلہ 9 سے 12 اگست تک منایا جائے گا، اسی طرح تیسرا اور آخری مرحلہ 13 اگست سے شروع ہو کر 15 اگست تک جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں چیف سکریٹری ایس پی گوئل نے ایڈیشنل چیف سکریٹری اورتمام محکموں کے پرنسپل سکریٹری سمیت ضلع مجسٹریٹس کو ہدایات جاری کی ہیں۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مرکزی حکومت نے 2022 میں ‘آزادی کا امرت مہوتسو’ کے تحت ہر گھر ترنگا مہم شروع کی تھی۔ مہم کا مقصد شہریوں کو اپنے گھروں پر قومی پرچم لہرانے اور ترنگے کے ساتھ ذاتی اور جذباتی تعلق استوار کرنے کی ترغیب دینا ہے ۔ ترنگا کے ساتھ سیلفی، پربھات پھیری، ترنگا ریلیاں (بشمول بائیک اور سائیکل ریلیاں)، ترنگوں کی نمائشیں، اور زمینی سطح پر عوام کی شرکت جیسی سرگرمیوں نے ’یوم آزادی کی تقریب‘کو حب الوطنی کا تہوار بنا دیا ہے اور پورے ملک میں بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے ۔ یہ مہم عوام کے لیے ان مجاہدین آزادی اور فوجیوں کو جذباتی خراج عقیدت پیش کرنے کا بھی ایک خاص موقع ہے ، جنہوں نے قوم کی خدمت اور ترنگے کے احترام میں اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ اس جذبے کو ذہن میں رکھتے ہوئے ، ‘ہر گھر ترنگا ابھیان 2025’ اتر پردیش میں تین مرحلوں میں منایا جائے گا۔