یوپی میں حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ اور کابینہ کے وزراء کے انکم ٹیکس کی ادائیگی کا طریقہ ختم

   

لکھنؤ:24ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیر اعلی اور وزراء اب اپنے انکم ٹیکس کی ادائیگی خود کریں گے ۔ریاستی حکومت نے اس کے لئے قانون میں ترمیم کی ہے ۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں سہ شنبہ کو کابینہ کے اجلاس میں ‘یو پی منسٹرس قانون 2016’ میں ترمیم کی گئی ہے ۔کابینہ کی میٹنگ کے بعد حکومت کے ترجمان ریاست کے وزیر توانائی شری کانت شرما نے بتایا کہ اب تک وزیر اعلی اور وزراء کے انکم ٹیکس کی ادائیگی حکومت کے خزانے سے کی جاتی تھی ۔ گذشتہ مالی سال حکومت نے وزیر اعلی اور وزراء کے انکم ٹیکس میں86 لاکھ 87 ہزار روپئے جمع کئے تھے ۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے علم میں جب یہ معاملہ آیا تو 2016کے اس قانون میں ترمیم کردی گئی۔ گذشتہ چار دہائیوں سے وزیر اعلی اور وزراء کے انکم ٹیکس کی ادائیگی حکومت کی جانب سے جمع کرانے کی روایت چلی آرہی تھی۔ گذشتہ سماج وادی پارٹی کی حکومت میں اس میں ترمیم تو کی گئی لیکن اسے نافذ نہیں کیا گیا تھا۔