یوپی میں رام راج کے دعوے ، راون راج جاری: اکھلیش

   

لکھنو ۔ 22 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں بہتر حکمرانی کے بی جے پی کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش سنگھ یادو نے کہا کہ اترپردیش کو رام راجیہ قرار دینا بھگوان رام کے ساتھ ناانصافی کے متراد ف ہے۔ انہوں نے ریاست میں بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے ’’کل یگ کے راون‘‘ سے سبق لیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ نے پچھلے دنوں دعویٰ کیا تھا کہ یو پی ریاست رام راجیہ کی مثال بننے جارہی ہے ۔ ایک نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی ریاست میں رام راجیہ کہتی ہے جو بھگوان رام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی نے راون سے سبق حاصل کیا ہے ۔ اس لئے وہ کل یگ کے راون کی طرح کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ادتیہ ناتھ تمام محاذوں پر ناکام ہوچکے ہیں اور ترقی کا عمل ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ کو یوگی نہیں کہہ سکتے کیونکہ ان کا طرز عمل بھگوان کرشن کی تعلیمات کے خلاف ہے ۔ اکھلیش نے سوال کیا کہ آیا ایسا کوئی ادارہ ہے جہاں ’’یوگی‘‘ لفظ استعمال کرنے کے خلاف شکایت درج کروائی جاسکے ؟ ۔