ہندوستان کورونا وائرس سے ابھی سنبھلنے نہ پایا تھا کہ اِس کی مختلف شکلیں دریافت ہونے لگیں جو مختلف بیرونی ملکوں میں پائی گئیں۔ اِسے کوویڈ کی دوسری لہر بتایا گیا جس سے پورا ملک بُری طرح متاثر ہے اور بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہورہا ہے۔ اب مار پہ مار کے مصداق کورونا کے سبب پیدا ہونے والے مہلک فنگس دریافت ہونے لگے ہیں۔ پہلے سیاہ فنگس دریافت ہوا، پھر سفید اور اب زرد فنگس کا پہلا کیس اترپردیش میں دریافت ہوا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یوپی کے ضلع غازی آباد میں انڈاسکوپی ٹسٹ کے بعد 45 سالہ شخص میں پائے گئے زرد فنگس کی نوعیت کچھ ایسی ہے کہ یہ اب تک رینگنے والے جانوروں میں پائی جاتی ہے۔ ڈاکٹر بی پی تیاگی نے کہاکہ اُنھوں نے پہلی مرتبہ کسی انسان میں یہ فنگس دیکھا ہے۔