یوپی میں فلم سٹی بنانے یوگی حکومت کی کوششیں

   

لکھنؤ: اترپردیش کے نوئیڈا میں 10 ہزار ایکڑ پر عالمی معیار کا فلم سٹی بنانے کے اعلان کے بعد اتر پردیش حکومت اب مشرقی اتر پردیش میں بھی فلم سٹی بنانے کے امکان تلاش کر رہی ہے ۔اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے مشرقی اتر پردیش میں بھی ایک چھوٹا فلم سٹی نوئیڈا سے باہر بنانے پر سنجیدگی سے غور کرنا شروع کردیا ہے کیوں کہ فلم پروڈیوسر اب شوٹنگ کے لئے اتر پردیش کو پسند کر رہے ہیں۔ وارانسی سے ملحق مرزاپور میں فلم سٹی بننے کا زیادہ امکان ہے ۔اسٹیٹ انفارمشن ڈپارٹمنٹ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری نونیت سہگل نے بتایا ہے کہ وزیر اعلی مشرقی اتر پردیش میں بھی فلم سٹی بنانے میں بہت سنجیدہ ہیں۔ اس لئے وارانسی کے اردگرد بنانے پر غورکررہی ہے ۔ مشرقی اتر پردیش میں فلم سٹی بنانے کے لئے 500 ایکڑ اراضی کے پلاٹ کی تلاش کی جارہی ہے ۔ ایسا ہونے پر وارانسی کا علاقہ فلم انڈسٹری کا ایک اہم مرکز بن سکتا ہے ۔اس وقت اترپردیش میں تقریبا 150 فلموں کی شوٹنگ جاری ہے ۔ جان ابراہم کی ستیہ میو جیتے پارٹ۔ 2 کی شوٹنگ لکھنؤ میں جاری ہے ، جبکہ متعدد ویب سیریزوں کی شوٹنگ بھی جاری ہے ۔ اترپردیش میں 50 فیصد یا اس سے زیادہ کی شوٹنگ کیلئے بھی ریاستی امداد دی جارہی ہے ۔ اُدھو ٹھاکرے حکومت ، یوگی کے منصوبوں کے جواب میں کہتی آئی ہے کہ چیف منسٹر یوپی پہلے اپنی ریاست میں لا اینڈ آرڈر اور جرائم کے انسداد پر توجہ دیں ، اس کے بعد ترقیاتی منصوبے آگے بڑھائے جاسکتے ہیں۔