یوپی میں پان مسالے کی تیاری اور فروخت پر پابندی

   

کورونا وائرس کی وباء روکنا مقصد ، خلاف ورزی پر کارروائی
لکھنؤ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش حکومت نے ریاست میں پان مسالہ کی تیاری اور فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے کورونا وائرس کی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملے گی۔ یہ امتناع ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے پہلے دن عائد کیا گیا اور یہ غیرمعینہ مدت تک جاری رہے گا۔ فوڈ سکیورٹی کمشنر نے اس ضمن میں احکامات جاری کئے جس کے تحت ریاست میں پان مسالے کی تیاری، فروخت اور ذخیرہ پر امتناع عائد کردیا گیا ہے۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ پان مسالہ کھاکر تھوکنے سے کورونا وائرس پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ اُترپردیش حکومت نے یکم اپریل 2013ء کو گٹکھے پر پابندی عائد کردی تھی۔ احکامات کے تحت خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔