لکھنؤ۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام)اہم اپوزیشن کانگریس نے آج ایک غیرمعروف مقامی او بی سی تنظیم کے ساتھ آئندہ لوک سبھا انتخابات کے سلسلے میں اتحاد کرلیا۔ اس تنظیم کا نام موہن دل ہے۔ یہ اعلان آج پرینکا گاندھی وڈرا کی موجودگی میں کیا گیا۔ وہ کل ہند کانگریس کی نئی تقرر شدہ جنرل سیکریٹری برائے مشرقی یوپی ہیں۔ جیوتر آدتیہ سندھیا کانگریس کے دوسرے جنرل سیکریٹری جنہیں یوپی مغربی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ کیشو دیو موریا جو موہن دل سے تعلق رکھتے ہیں، آج اس کا اعلان کیا۔ وہ ریاستی کانگریس کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ پرینکا گاندھی وڈرا نے کیشو موریا کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ہم مشترکہ طور پر انتخابات میں مقابلہ کریں گے۔ ہمیں ایک سیاسی ماحول تیار کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ہم سماج کے تمام طبقات کو نمائندگی دیں گے اور سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ بھرپور طاقت کے ساتھ مقابلہ میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موہن دل کے ساتھ کانگریس زیرقیادت یو پی اے کا اتحاد ہوچکا ہے۔