لکھنؤ: بی جے پی کی رکن پارلیمان ڈاکٹر ریتا بہوگنا جوشی نے اترپردیش میں یوگی حکومت کے میعاد کار میں نظم ونسق خاص کر خواتین سیکورٹی کی حالت بہتر ہونے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی عوام اس بات کو محسوس کرتے ہوئے آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو مکمل اکثریت سے دوبارہ اقتدار میں لائیں گے ۔بی جے پی کے ریاستی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جوشی نے کانگریس کی زمینی حقیقت کو بے حد خراب بتاتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو پانچ سیٹ بھی نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ساتھ ہی سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی بھی گذشتہ انتخابات سے بہتر حالت میں نہیں ہونگی۔ڈاکٹر جوشی نے کہا کہ کسی ملک میں نظم ونسق کا اندازہ وہاں کی خواتین کی حالت سے لگایا جاسکتا ہے ۔ اس کے پیش نظر ایس پی۔ بی ایس پی کی حکومت میں خاتون سیکورٹی کی حالت کسی سے چھپی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں میں ایک خاص کمیونٹی کے لوگوں پر کاروائی نہیں ہوتی تھی۔ مگر جب سے یوگی حکومت اقتدار میں آئی ہے تب سے خواتین سیکورٹی پر خصوصی دھیان دیا جارہا ہے ۔