یوپی میں کویت سے واٹس ایپ پر طلاق ثلاثہ کا واقعہ

,

   

اجمیر میں 60 سالہ مردطلاق ثلاثہ دینے کے جرم میں گرفتار۔جھارکھنڈ میں بھی تین طلاق کیس

مظفر نگر 8 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ایک شخص نے جو یوپی کا متوطن اور کویت میں مقیم ہے، واٹس ایپ کے ذریعہ کویت سے اپنی بیوی کو طلاق ثلاثہ دے دی ہے۔ وہ کویت میں بحیثیت مزدور کام کرتا ہے۔ بیوی نے اُس کے اور اُس کے خاندان کے خلاف جہیز کے لئے ہراساں کرنے کی شکایت درج کروائی تھی جس کے بعد اُسے اُس کے شوہر نے کویت سے طلاق ثلاثہ دے دی۔ چند دن قبل ہی پارلیمنٹ میں اِس رواج کو قابل تعزیر جرم قرار دیا گیا ہے۔ پولیس نے شوہر اور اُس کے خاندان کے خلاف 27 مئی کو جہیز کے لئے ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرلیا تھا۔ مبینہ طور پر سسرالی رشتہ دار 5 لاکھ روپئے نقد رقم کا خاتون کے خاندان سے مطالبہ کررہے تھے اور عدم ادائیگی کی صورت میں خاتون کو ہراساں کیا جارہا تھا۔ یہ خاتون بہار کی متوطن ہے۔ دریں اثناء اجمیرمیں ایک 60 سالہ درگاہ اجمیر کے جاروب کش سلیم الدین کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور اپنی 26 سالہ بیوی کو طلاق ثلاثہ دینے کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا۔ سلیم الدین کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا گیا جو اُس کی بیوی کی شکایت کی بنیاد پر ہے۔طلاق ثلاثہ کا ایک اور کیس جھارکھنڈ کے ضلع ہزاری باغ میںدرج کیا گیا ،جہاں 35سالہ خاتون کو اُس کے شوہر نے مبینہ طور پر ایک ہی نشست میں تین طلاق دے دی جو نئے قانون کے مطابق جرم ہے