یوپی میں 300 کورونا مریض ،لاک ڈاؤن بڑھے گا؟

   

لکھنو ۔6 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام)اُترپردیش میں آج کورونا وائرس کے مصدقہ معاملوں کی تعداد 300 کے نشانے کو پار کرگئی ، جس کے پس منظر میں ریاستی حکومت نے اشارہ دیا ہے کہ ریاست میں لاک ڈاؤن 14 اپریل کے بعد بھی جاری رہ سکتا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی معلنہ تین ہفتوں کی مدت 14اپریل کو ختم ہوجائے گی ۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری (ہوم اینڈ انفارمیشن ) اوانیش اوستھی نے اُترپردیش میں 14 اپریل کو تحدیدات ختم ہونے کے امکان کے بارے میں کہا کہ اس بارے میں قطعی طورپر نہیں کہا جاسکتا مگر اس میں توسیع کا امکان موجود ہے ۔ اُن کے ریمارکس سے ایک روز قبل چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن 15 اپریل کو برخاست کردیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے ایسا میکانیزم یقینی بنانے پر زور دیا تھا کہ کسی بھی مقام پر ہجوم اکٹھا نہ ہونے پائے ورنہ تمام کوششیں ضائع ہوجائیں گی ۔ تاہم آج اوستھی کی باتوں سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ 14 اپریل کو لاک ڈاؤن برخاست کئے جانے کا امکان کم ہے ۔اُن کا استدلال ہے کہ اگر مکمل طورپر لاک ڈاؤن برخاست کیا جاتا ہے تو اب تک کی پوری مساعی ضائع ہوسکتی ہے ۔