لکھنؤ۔3 جون (سیاست ڈاٹ کام) الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے آئندہ تاریخ تک 69 ہزار اساتذہ کی بھرتی پر پابندی عائد کردی ۔ ریشبھ مشرا اور دیگر امیدواروں کی درخواستوں پر عدالت نے تقرری کا عمل ملتوی کردیا۔ ہائیکورٹ نے اس معاملے میں متنازعہ سوالات کو یو جی سی کی ماہرین کمیٹی کو بھیج کر رپورٹ طلب کی ہے ۔ اس معاملے میں آئندہ سماعت 12 جولائی کو ہوگی۔ اس وقت تک، عدالت نے امتحانات کے نتائج کے اعلان پر روک لگا دی ہے ۔ہائی کورٹ کے جج آلوک ماتھر نے چہارشنبہ کے روز یہ حکم دیا۔ جج نے ماہر ین کی کمیٹی سے کہا ہے کہ وہ متنازعہ سوالات پر اگلی تاریخ تک غیر جانبدارانہ رائے پیش کریں۔واضح ر ہے کہ ریشبھ مشرا اور دیگر امیدواروں نے چھ متنازعہ سوالوں کے جواب کو چیلنج کرنے والی ایک درخواست دائر کی تھی۔ اس بھرتی امتحان کی کونسلنگ چہارشنبہ کے روز اتر پردیش کے متعدد اضلاع میں شروع ہوگئی تھی، جسے روک دیا گیا ہے ۔