یوپی وزیر کا مسلم مہلوکین کے ورثاء سے ملاقات سے انکار

   

تخریب کاروں کے گھر کیوں جاؤں، میڈیا پر کپل دیو اگروال برہم
بجنور 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ایک وزیر نے آج بجنور کا دورہ کیا تاہم اُنھوں نے ان دو مسلمانوں کے افراد خاندان سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا جو شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔ وزیر نے انھیں ’’تخریب کار‘‘ قرار دیا۔ مہلوکین کے ورثاء سے ملاقات نہ کرنے کے اپنے فیصلہ کا دفاع کرتے ہوئے یوپی کے وزیر کپل دیو اگروال نے کہاکہ وہ لوگ کیسے سماجی ہوسکتے ہیں جو تخریب کاری اور تشدد میں ملوث ہیں اور ریاست اور ملک میں جنھوں نے آگ لگادی۔ انھوں نے کہاکہ میں ان کے مکانات کو کیوں جاؤں جنھوں نے بجنور کو آگ میں جھونک دیا؟ فیصلہ کو حق بجانب قرار دینے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ریاستی وزیر میڈیا کے نمائندوں پر برہم ہوگئے۔ کپل دیو اگروال، اترپردیش حکومت میں ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ اسکل ڈیولپمنٹ کے وزیر ہیں۔اُنھوں نے راج سائنی اور ان کے خاندان سے ملاقات کی جو بجنور ضلع کے نہتور علاقہ میں تشدد کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔ دوسری طرف پرینکا گاندھی نے اتوار کو بجنور میں ہلاک دو مسلم نوجوانوں کے ورثاء سے ملاقات کی تھی۔