انصاف کیلئے چیف منسٹر کے گھر پر دھرنا دینے کا انتباہ:نوتن ٹھاکر
لکھنؤ:18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) معروف سماجی کارکن و عام آدمی پارٹی کی لیڈر ڈاکٹر نوتن ٹھاکر نے اترپردیش پولیس پر بھید بھاؤ کا الزام لگاتے ہوئے وزیر اعلی کی رہائش کے سامنے دھرنے پر بیٹھنے کا انتباہ دیا ہے ۔ڈاکٹر ٹھاکر نے بدھ کو کہا کہ ان کے شوہر آئی پی ایس افسر امیتابھ ٹھاکر کو سوشل میڈیا پر کھلے عام گندی گندی گالیاں دینے ، کافی فحش اور نازیبا باتیں کہنے اور دھمکی دینے کے ضمن میں پولیس کوئی کاروائی نہیں کررہی ہے ۔نوتن نے کہا کہ انہوں نے دو دن پہلے تھانہ انچارج گومتی نگر اور پولیس کمشنر لکھنؤ سے شکایت کی تھی ان کی جانب سے سوشل میڈیا پر ججوں اور عدلیہ کے خلاف نازیبا تبصروں کے ضمن میں ایف آئی آر درج کرنے کے بعد متعدد افراد نے انہیں گالیاں دیں ۔ان لوگوں نے دھمکی دی کہ ان کے ساتھ کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ اس کے بعد بھی آج تک تھانے کی جانب سے ان کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے ۔