وارانسی: وارانسی کے ادے پرتاپ کالج’ جسے یوپی کالج بھی کہاجاتا ہے میں واقع مسجد میں جمعہ کی نماز ادا نہیں ہو سکی۔ کالج انتظامیہ نے مسجد میں نماز کی اجازت دی تھی اور دروازہ پر پولیس فورس بھی تعینات تھی، لیکن بھگوا پرچم لے کر احتجاج کرنے والے ہندوتوا طلبا نے نماز ہونے نہیں دی۔ پولیس کی موجودگی کے باوجود ہندوتوا طلبا نے نہ صرف نعرے بازی کی بلکہ پولیس بیریکیڈنگ توڑ کر مسجد کے قریب پہنچ گئے۔ ہندوتوا طلباء کا گروہ مسجد میں نماز کی مخالفت کرتے ہوئے نعرہ بازی کررہا تھا۔ ایسا معلوم ہورہا تھا کہ پولیس بے بس اور تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ہندوتوا طلباء کے ساتھ بڑی تعداد میں وکیل بھی دکھائی دے رہے تھے۔ہندوتوا طلبا نے پہلے ہی انتباہ دیا تھا کہ اگر مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کی گئی تو وہ ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کریں گے۔