یوپی کانگریس قائدین کی صدف ظفر سے لکھنؤ جیل میں ملاقات

   

لکھنؤ23 دسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہورہے احتجاج کے دوران گرفتار کی گئیں کانگریس لیڈر و سماجی کارکن صدف ظفر سے کانگریس ریاستی صدر اجے کمار للو کی قیادت میں چار رکنی وفد نے پیر کو لکھنؤ ضلع جیل میں ملاقات کر کے ان کا حال چال جانا۔یوپی کانگریس کی رکن و سماج کارکن صدف ظفر کو جمعرات کو راجدھانی میں ہوئے احتجاجی مظاہرے کے دوران پریورتن چوک سے گرفتار کیا گیا تھا ۔الزام ہے کہ پولیس نے حراست کے دوران ان کی پٹائی بھی کی۔گرفتاری سے قبل اپنے فیس بک لائیو میں صدف نے پولیس سے سوال پوچھا تھا کہ آخر وہ تشدد کرنے والوں کو گرفتار کیوں نہیں کررہی ہے ؟وہ تماشائی کیوں بنی ہوئی ہے ۔صدر شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہونے والے احتجاج کے دوران پریورتن چوک پر موجود تھیں ۔اس وقت انہوں نے جو فیس بک پر ویڈیو ڈالا ہے اس میں وہ پولیس سے سوال پوچھتی نظر آرہی ہیں۔صدف سمیت 34 افراد کے خلاف حضرت گنج پولیس اسٹیشن پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔