لکھنؤ 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے بجٹ برائے 2019-20 ء کو سب کا ساتھ سب کا وکاس کی آڑ میں عوام سے غداری قرار دیتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے صدر سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو نے آج کہاکہ مالیاتی منصوبہ نہ تو ترقیاتی ہے اور نہ اِس میں کوئی بصیرت ہے۔ اب تک اِس حکومت کے بجٹ کا 60 فیصد خرچ ہوچکا ہے۔ ہم نہیں سمجھ سکتے کہ اِس بجٹ نے سرکاری خزانے پر اپنی چھاپ چھوڑی ہے۔ یہ بجٹ ریاستی عوام سے حکومتی غداری ہے اور اس کے لئے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کی آڑ لی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مالیاتی منصوبہ میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اکھلیش یادو نے کہاکہ تاجروں کے لئے کچھ بھی نہیں ہے۔ کاشتکاروں اور بے روزگاری کے انسداد کے سلسلہ میں بھی کچھ نہیں کیا گیا۔ حفظان صحت، صیانت اور محکمہ تعلیمات بھی حکومت کی توجہ سے محروم رہے۔ یہ بجٹ مایوس کن ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سماج وادی پارٹی کے دور اقتدار میں جو پراجکٹس شروع کئے گئے تھے، ہنوز مکمل نہیں کئے گئے۔ اُنھیں بھی کوئی رقم مختص نہیں کی گئی۔ اب انتخابات قریب آرہے ہیں اِس لئے اِن پراجکٹس کو کچھ رقم ملی ہے۔ اکھلیش یادو نے کہاکہ یوگی حکومت اپنے تیقنات کا آدھا بھی مکمل نہیں کرسکی۔