میرٹھ: بدنام زمانہ گینگسٹر انیل دوجانہ عرف انیل ناگر کو ایس ٹی ایف نے ایک انکاؤنٹر میں ہلاک کر دیا ہے۔ یوپی ایس ٹی ایف نے میرٹھ میں یہ کارروائی انجام دی۔ دوجانہ 10 اپریل کو ضمانت پر باہر آیا تھا۔ جیل سے رہا ہوتے ہی اس نے گوتم بدھ نگر میں اپنے خلاف گواہی دینے والے لوگوں کو دھمکی دی تھی۔ایس ٹی ایف کو اطلاع ملی تھی کہ وہ کسی بڑی واردات کو انجام دینے کی تیاری میں ہے۔جس کی وجہ سے اس کی تلاش شروع کردی گئی تھی۔ اسی دوران اس کے میرٹھ میں روپوش ہونے کی اطلاع ملی۔ انیل دوجانہ کا خوف اس قدر تھا کہ جرائم کی دنیا خاص کر مغربی یوپی میں اسے ’چھوٹا شکیل‘ کے نام سے جانا جاتا تھا۔کہا جاتا ہے کہ جس نے اس کے خلاف آواز اٹھائی، دوجانہ نے اسے قتل کر دیا۔دجانہ پر قومی راجدھانی دہلی اور اتر پردیش میں 60 سے زیادہ فوجداری مقدمات درج ہیں۔ اس کی گینگ نے 2011 میں صاحب آباد میں ایک شادی کی تقریب میں فائرنگ کی تھی، جس میں تین افراد مارے گئے تھے۔دوجانہ کی بدنام زمانہ مافیا سندر بھاٹی اور اس کے گینگ سے دشمنی رہی ہے۔ اس دشمنی میں کئی قتل ہو چکے ہیں۔ انیل دوجانہ گینگسٹر نریش بھاٹی کا قریبی اور شوٹر تھا۔ نریش کا قتل سندر بھاٹی نے کیا تھا۔ اس کے بعد انیل نے بدلہ لینے کے لیے سندر پر حملہ کیا۔ یہیں سے دونوں کے درمیان دشمنی کا ایسا سلسلہ شروع ہوا جس میں کئی بار گولیاں چلیں۔ اس وقت انیل دوجانہ نریش بھاٹی گینگ کی کمان سنبھال رہا تھا۔
