یوپی کی مساجد میں لاؤڈ اسپیکر کے بغیر اذان کی اجازت

,

   

الہ آباد 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) الہ آباد ہائی کورٹ نے کوویڈ کے سبب نافذ لاک ڈاؤن کے درمیان اترپردیش کی مساجد میں کسی لاؤڈ اسپیکر کے بغیر اذان دینے کی اجازت دے دی ہے۔ جسٹس ششی کانت گپتا اور جسٹس اجیت کمار نے مسلم برادری کو راحت دیتے ہوئے کہاکہ ’اذاں، دراصل دین اسلام کا ایک جزولاینفک ہوسکتی ہے، لیکن لاؤڈ اسپیکر یا کسی دوسرے ساؤنڈ سسٹم کے ذریعہ اس (اذاں) کا دیا جانا اس مذہب کا اٹوٹ حصہ (جزولاینفک) نہیں کہلایا جاسکتا۔ بنچ نے بشمول سابق مرکزی وزیر قانون سلمان خورشید دیگر کئی افراد کی درخواستوں کی سماعت کے دوران یہ رولنگ دی۔ غازی پور کے رکن لوک سبھا افضل انصاری بھی درخواست گذاروں میں شامل ہیں۔ بنچ نے رولنگ دی کہ ’ہمارا یہ غور شدہ نظریہ ہے کہ مسجد کی میناروں سے موذن کی طرف سے کسی آلہ کے استعمال کے بغیر انسانی آواز میں اذاں دی جاسکتی ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ کوویڈ ۔ 19 وباء کے انسداد کے لئے جاری رہنمایانہ خطوط کے بہانہ اس میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔