نئی دہلی : حالیہ مہینوں میں مغربی بنگال اور کیرالا کے بشمول 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات منعقد کرانے پر الیکشن کمیشن پر شدید تنقیدیں ہوئیں اور عدالت نے بھی خوب سرزنش کی۔ اس کے پیش نظر کمیشن نے بعد میں مقررہ متعدد انتخابات ملتوی کردیئے۔ تاہم اب چیف الیکشن کمشنر سشیل چندر نے آئندہ سال مقررہ 5 ریاستوں بشمول یوپی کے اسمبلی انتخابات کے بارے میں اہم بات کہی ہے۔ اُنھوں نے اعتماد ظاہر کیاکہ کمیشن آئندہ سال اترپردیش اور پنجاب سمیت 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کرائے گا۔ بہار، مغربی بنگال اور چار دیگر ریاستوں میں کورونا وائرس وباء کے درمیان منعقدہ اسمبلی چناؤ سے کمیشن کو کافی تجربہ ہوا ہے۔ مارچ 2022 ء میں گوا، منی پور، پنجاب، اترپردیش اور اتراکھنڈ اسمبلیوں کی میعاد ختم ہوگی۔ چندر نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ اسمبلیوں کی میعاد ختم ہونے سے پہلے انتخابات منعقد کرائے اور کامیاب امیدواروں کی فہرست متعلقہ گورنر کے حوالے کی جائے۔ چندر نے کہاکہ جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ کوویڈ ۔ 19 کی دوسری لہر کمزور ہورہی ہے اور انفیکشن کے معاملات کی تعداد کافی کم ہوگئی ہے۔ ہم نے اِس وبا کے دوران بہار میں منعقد کرائے تھے۔ اس کے علاوہ 4 ریاستوں اور ایک مرکزی علاقہ میں بھی اسمبلی چناؤ مکمل کرائے جاچکے ہیں۔ چنانچہ ہمارے پاس تجربہ ہے اور اس کے ساتھ ہم آئندہ سال ہم مقررہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات وقت پر منعقد کرنا چاہتے ہیں۔