یوپی کے وکیل گھوڑے پر عدالت پہونچیں گے

   

پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف انوکھا احتجاج
واراناسی : وزیراعظم نریندر مودی کے حلقہ لوک سبھا واراناسی کے ایک وکیل نے دلچسپ فیصلہ کرتے ہوئے گھڑ سواری کے ٹریننگ اسکول میں داخلہ کی درخواست دی ہے۔ یہ اسکول پولیس یونٹ کی جانب سے چلایا جاتا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو دی گئی درخواست میں وکیل ڈاکٹر ہریش چندر موریا نے کہاکہ وہ اپنے رہائشی علاقہ سندھورا سے عدالت کو روزانہ 20 کیلو میٹر کا سفر طے کرکے پہونچتے ہیں۔ پٹرول کی قیمت میں اضافہ کے بعد وہ یہ بوجھ برداشت نہیں کرسکتے۔ اِس لئے وہ ایک گھوڑا خریدنا چاہتے ہیں۔ اُنھوں نے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس پر زور دیا کہ انھیں پولیس لائن میں واقع گھوڑ سواری کے اسکول میں ٹریننگ دی جائے۔ موریا نے بتایا کہ میں نے اپنی درخواست سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کے دفتر میں داخل کی ہے اور مجھے جواب کا انتظار ہے۔ گھوڑ سواری کا یہ اسکول ٹریفک پولیس کی جانب سے چلایا جاتا ہے۔ مقررہ فیس وصول کرکے 15 دن کی ٹریننگ دی جاتی ہے۔ 10 سال سے زائد عمر کے کوئی بھی شہری گھوڑ سواری کی ٹریننگ کیلئے درخواست دے سکتا ہے۔