امروہہ: ایک غیرمعمولی تبدیلی میں اترپردیش کے ضلع امروہہ میں تین مواضعات کے کسانوں نے فیصلہ کیا ہیکہ وہ کسانوں کی جاریہ تحریک سے اظہاریگانگت کرتے ہوئے کوآپریٹیو سوسائٹیز کو سربراہ کیا جانے والا دودھ روک دیں گے۔ ڈیری فارمرس نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ 6 مارچ سے دودھ فی لیٹر 100 میں فروخت کریں گے۔ اس وقت دودھ کی سربراہی 35 روپئے فی لیٹر کی جارہی ہے۔ بھارتیہ کسان یونین یوتھ ونگ کے ریاستی صدر ڈگمبر سنگھ نے کہا کہ ہم نے کسانوں کو دودھ فروخت نہ کرنے کیلئے مجبور نہیں کیا ہے، کسان خود اپنے طور پر زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دودھ سربراہ کرنے سے انکار کررہے ہیں۔ ان کے اس احتجاج کو دیگر کسانوں کے علاوہ عام شہریوں کی بھی تائید حاصل ہورہی ہے۔