لکھنو: اترپردیش حکومت نے اتوار کو 600سے کم ایکٹیو کیس والے 55اضلاع میں کورونا کرفیو سے مشروط نرمی دینے کا اعلان کیا تھا جبکہ پیر کو ایسے اضلاع کی فہرست میں 6مزید ناموں کو شامل کیا گیا ہے جس کے بعد مشروط نرمی پانے والے اضلاع کی تعداد 61ہوگئی ہے۔ چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو ٹیم۔9کے ساتھ میٹنگ میں کہا کہ کورونا کی کم ہوتی انفیکشن کی شرح کے پیش نظر اتوار کو 600ایکٹیو کیسیز سے کم تعداد والے 55 اضلاع کو کورونا کرفیو سے کچھ حد تک راحت دی گئی تھی۔ تازہ صورتحال کے مطابق سونبھدرا،دیوریا، باغپت،پریاگ راج، بجنور اور مرادآباد اضلاع میں کل ایکٹیو کیسیز کی تعداد 600سے کم ہوگئی ہے ایسے میں اب ان اضلاع میں بھی ہفتے میں پانچ دن صبح 7 بجے سے شام 7بجے تک کورونا کرفیو میں راحت دی جائے گی۔ہفتہ وار اور رات کی پابندی سمیت دیگر تمام متعلقہ اصول وضوابط ان اضلاع میں نافذ ہونگے ۔ اس وقت ریاست میں 61اضلاع میں کورونا کرفیوسے عوام کو کچھ راحت دی گئی ہے ۔گذشتہ 24گھنٹوں میں ریاست میں کورونا کی پازیٹیو شرح کم ہوکر اب محض 0.5فیصدی رہ گئی ہے وہیں صحت یاب ہورہے مریضوں کی تعداد کے پیش نظر ریکوری شرح 96.6فیصدی ہوچکی ہے۔
اس دوران ریاست میں کورونا وائرس کے 1497نئے معاملے درج کئے گئے ہیں وہیں اس مدت میں 5491مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں فی الحال 37044مریضوں کا علاج جاری ہے جن یں سب سے زیادہ مریضوں کی تعداد لکھنو اور میرٹھ میں ہے اب تک کل 16لاکھ 37ہزار 944مریض کورونا سے صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا ٹیکہ کاری انفکشن سے بچاو کا سیکورٹی کور ہے مرکزی حکومت کے تعاون سے اترپردیش حکومت سبھی شہریوں کو جلد از جلد ٹیکہ کور دینے کے لئے کمر بستہ ہے ۔ اب تک ریاست میں ایک کروڑ 80لاکھ 11ہزار 760ویکسین کے خوراک لگ چکی ہیں۔ جبکہ 18تا 44سال کی عمر کے 19لاکھ 83ہزار 968لوگوں نے ٹیکل کور حاصل کرلیا ہے ۔ہماراہدف جون مہینے میں ایک کروڑ لوگوں کو ٹیکہ کاری سے مستفید کرنا ہے ۔