یوکرینی سفارت کارکا جرمن چانسلر سے کروز میزائل کا مطالبہ

   

کیف : یوکرین نے کہا ہے کہ روس نے آٹھ میزائل اور ستاسی ڈرون حملہ کیے ہیں۔ ادھر ایک اعلیٰ یوکرینی سفارت کار نے کہا ہے کہ فریڈرش میرس کو جرمن چانسلر کا عہدہ سنبھالتے ہی یوکرین کو ٹاؤرس میزائل فراہم کرنے کی اجازت دے دینا چاہیے۔ یوکرینی فوج نے بتایا ہے کہ روسی افواج نے ہفتہ کے دن بڑے پیمانے پر فضائی حملہ کیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آٹھ میزائل اور ستاسی ڈرون حملہ کیے گئے۔ ان حملوں کے نتیجے میں یوکرین کے پانچ ریجن متاثر ہوئے۔ ان میں جنوبی، شمال مشرقی اور مغربی یوکرینی علاقوں میں نقصان ہوا۔ یوکرینی فوج کے مطابق ان تازہ روسی کارروائیوں میں زیادہ مالی نقصان ہی ہوا۔ یوکرینی ایئر ڈیفنس یونٹس نے 33 ڈرون طیاروں کو ہوا میں ہی مار گرایا جبکہ بغیر پائلٹ کے چھتیس ڈرونز کو الیکٹرانک وار فیئر ٹیکنالوجی کی مدد سے ری ڈائریکٹ کر دیا۔ جرمنی کے لیے یوکرین کے سابق سفیر آندری میلنک نے کہا ہے کہ فریڈرش میرس کو جرمنی کا چانسلر بننے کے فوری بعد ہی یوکرین کو ٹاؤرس کروز میزائل فراہم کرنے کی منظوری دے دینا چاہیے۔ اپنے ایک کھلے خط میں میلنک نے میرس سے مطالبہ کیا کہ چھ مئی کو جب وہ چانسلر کا عہدہ سنبھالیں، انہیں اسی دن یوکرین کو 150 ٹاؤرس میزائل بھیجنے کا اعلان کر دینا چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ روسی جارحیت کے مقابلے کے لیے ان کروز میزائلوں کی فوری ترسیل کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔ ان کا یہ خط ہفتہ کے جرمن اخبار دی ویلٹ میں شائع ہوا۔ نیویارک میں اقوام متحدہ میں یوکرین کے آئندہ سفیر کے طور پر نامزد میلنک نے اس ترسیل کو روس کی پیش قدمی کو روکنے اور جنگ کے حالات بدلنے کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔ گزشتہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے کرسچن ڈیموکریٹ فریڈرش میرس یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل فراہم کرنے کی حمایت کرتے ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے کسی بھی اقدام کے لیے یورپی اتحادیوں سے ہم آہنگی ضروری ہے۔