واشنگٹن، 10 اگست (یو این آئی) یورپ اور یوکرین نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازعہ کو حل کرنے کیلئے کسی بھی معاہدے کے حصے کے طور پر امریکہ سے سکیورٹی کی ضمانتوں کا مطالبہ کیا ہے ۔نیویارک ٹائمز نے ذرائع کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ وہ اس بات پر بھی زور دے رہے ہیں کہ یوکرین کو شمالی اٹلانٹک معاہدہ تنظیم(ناٹو) میں شمولیت کا موقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ یورپی اتحادی چاہتے ہیں کہ امریکہ یوکرین کی ناٹو رکنیت کیلئے دروازے کھلے رکھے ، چاہے اس اتحاد میں فوری شمولیت ممکن نہ ہو۔یہ امور گزشتہ روز برطانوی وزیر خارجہ لیمی، یوکرین اور یورپ کے نمائندوں اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے درمیان ہوئی ملاقات میں زیر بحث آئے ۔ اخبار نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹ کوف آن لائن میٹنگ میں شامل ہوئے۔ اس سے قبل نیویارک ٹائمز نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ یورپی ممالک کو خدشہ ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور ٹرمپ خود یوکرین کے معاملے پر کسی معاہدے پر پہنچ سکتے ہیں۔