واشنگٹن ۔23؍اکتوبر ( ایجنسیز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین جنگ پر روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ہونے والی مجوزہ ملاقات منسوخ کر دی۔ ان کا کہنا ہے کہ بات چیت میں کوئی پیش رفت نہ ہونے سے یہ یوکرین جنگ کو ختم کرنے کیلئے امریکہ اور روس کے درمیان جاری سفارتی کوششوں کو بڑا جھٹکہ لگا ہے۔ امریکی صدر نے روسی صدر سے ہونے والی طے شدہ ملاقات اچانک منسوخ کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کسی عملی پیش رفت کی امید نہیں اس لیے ملاقات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔صدر ٹرمپ نے چہارشنبہ کو وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے کہاکہ ہم ابھی اس مقام پر نہیں پہنچے جہاں ہمیں ہونا چاہیے تھا۔ لہٰذا میں نے اسے ملتوی کر دیا البتہ مستقبل میں ملاقات ضرور ہوگی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان چند روز قبل ڈھائی گھنٹے طویل فون کال ہوئی تھی جسے ٹرمپ نے ’کافی مثبت‘ قرار دیا تھا۔ ٹرمپ نے کہا کہ پوتن سے ملاقات ’وقت کا ضیاع‘ ہوگی۔