یوکرین حملے سے قبل روس سے کوئی بات نہیں ہوئی: چین

   

بیجنگ۔ چین نے اس رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس کے حکام نے اپنے روسی ہم منصبوں سے کہاتھا کہ وہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کے اختتام تک یوکرین پر حملہ مؤخر کردیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ چینی قائدین کو ممکنہ طور پر حملے کے بارے میں معلوم تھا اور اس طرح کی معلومات مغرب میں چین کی ساکھ کو داغدار کر دے گی۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے تین مارچ کی نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کو غلط خبرقرار دیا ہے۔ اخبار نے مغربی انٹیلی جنس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی حکام نے فروری کے اوائل میں سینئر روسی حکام سے کہا تھا کہ وہ 4 سے 20 فروری تک جاری کھیلوں کے اختتام سے قبل یوکرین پر حملہ نہ کریں۔