یوکرین طیارہ حادثہ پر گوٹیرس کا اظہارافسوس

   

اقوام متحدہ، 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے یوکرین طیارہ حادثے میں لوگوں کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ‘حادثہ سے بہت دلبرداشتہ ’ہیں۔مسٹر گوٹریس کے ترجمان نے بیان جاری کر کے کہا‘‘وہ سوگوار خاندانوں اور ان تمام ممالک کی حکومتوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، جن کے شہریوں کی اس حادثے میں موت ہو گئی’’۔یہ حادثہ ایران کی جانب سے ایران کے اعلیٰ کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی گزشتہ جمعہ کو امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہو نے کے بعد عراق میں امریکی فوجیوں پر بیلسٹک میزائل حملے کے بعد ہوا تاہم دونوں واقعات کے درمیان کسی بھی تعلق کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے ۔ اخبارات کی رپوٹوں کے مطابق ایرانی افسروں نے شروعات میں حادثے کے لئے انجن کی خرابی کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا ۔ اس کے بعد یوکرین کے صدر ولاد میر زیلینسکی نے تحقیقات کے بغیر کوئی قیاس آرائی کرنے کے خلاف انتباہ دیا اور معاملے کی فوجداری تحقیقات کا حکم دیا۔بتایا جا رہا ہے کہ طیارے کا بلیک باکس برآمد کر لیا گیا ہے جس میں کاک پٹ وائس اور فلائٹ ڈیٹا ریکارڈز ہے لیکن ایرانی افسر انہیں بوئنگ یا امریکی حکام کو سونپنے سے انکار کر رہے ہیں ۔دریں اثنا امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان یوکرین اور ایران کے درمیان تمام براہ راست پروازوں کو معطل کر دیا گیا ہے اور مغربی ایشیا سے ہوکر گزرنے والی کئی کمرشل پروازوں کا روٹ تبدیل کر دیا گیا ہے ۔