ٹورنٹو 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسی ، شہری ہوا بازی بین الاقوامی تنظیم (آئی سی اے او) یوکرین انٹرنیشنل ایئرلائنس کی پرواز نمبر 752کے حادثے کی تحقیقات میں مدد کرنے کیلئے تیار ہے ۔آئی سی اے او کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئی آئی سی او حادثے سے متعلق ممالک کے رابطے میں ہے اور اگر انہیں کہا جاتا ہے تو وہ تحقیقات میں مدد کرنے کیلئے تیار ہے ۔ تنظیم کے سربراہ کا کہنا ہیکہ جب تک تحقیقات کے نتائج نہیں آجاتے ، حادثے کی ممکنہ وجوہات کے بارے میں قیاس لگانے سے احتراز کرنا کافی اہم ہے ۔کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ حادثہ کی وجوہات کے بارے میں قیاس لگانا جلدبازی ہوگی۔واضح ہے کہ ایران کے امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈہ کے قریب چہارشنبہ کی صبح یوکرین کے بوئنگ800۔737 طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس میں سوار سبھی 176 افراد کی موت ہوگئی تھی۔ اس طیارہ نے یوکرین کی راجدھانی کیف کیلئے پرواز بھری تھی۔ اس حادثہ میں ہلاک ہونے والے زیادہ تر مسافر ایران اور کینیڈا کے شہری تھے ۔