یوکرین مسئلہ پر امریکہ روس وزرائے خارجہ ملاقات بے نتیجہ

   

واشنگٹن ۔ امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف ن کے ساتھ یجمعے کے روز جنیوا میں 90 منٹ تک بالمشافہ ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے امریکہ اور اس کے اتحادی یوکرین پر روس کے حملے کی صورت میں جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ روس اور امریکہ کے اعلی سفارتکاروں کی اس ملاقات کا مقصد یوکرین کے معاملے پر کشیدگی میں کمی لانا تھا۔ دونوں فریقوں کے درمیان گفتگو میں رپورٹوں کے مطابق کوئی فوری پیش رفت نہیں ہو سکی تاہم اس مسئلے پر سفارتی چینلز کھلے رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ بات چیت کے دوران دونوں فریقوں کی کوشش اپنے مؤقف کی حمایت حاصل کرنا تھا، چونکہ دونوں کے سامنے ملاقات کے مقاصد اور مطالبات ایک دوسرے سے یکسر مختلف تھے۔ یوکرین میں تناؤ کی صورت حال کے پیش نظر، امریکی وفد نے اس ملاقات کو فیصلہ کْن لمحہ قرار دیا تھا۔ تاہم، بات چیت میں دونوں فریقوں نے کوئی لچک نہیں دکھائی۔ بلنکن نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے روس کے سب سے اہم مطالبات مسترد کردیے، جنھیں تحریری تجاویز کی صورت میں پچھلے ماہ پیش کیا گیا تھا اور جن کا جمعہ کے روز ملاقات میں پھر سے اعادہ کیا گیا۔ روس اس بات کا خواہاں ہے کہ ناٹو وعدہ کرے کہ وہ کبھی بھی یوکرین کو ناٹو کا رکن نہیں بنائے گا اور ناٹو کے اتحادی یوکرین کی سرحدوں پر اپنے ہتھیار نصب نہیں کریں گے، اور یہ کہ ناٹو وسطی اور مشرقی یورپ سے اپنی افواج واپس بلائے گا۔