یوکرین میں امریکی فوج نہ بھیجنے ٹرمپ کا اعلان

   

واشنگٹن:20 اگست ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ یوکرین میں کسی بھی ممکنہ امن معاہدے کی صورت میں امریکہ اپنی فوج نہیں بھیجے گا، تاہم فضائی مدد فراہم کی جا سکتی ہے۔ ٹرمپ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب انہوں نے یوکرین کے صدر زیلنسکی اور یورپی رہنماؤں کو وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا، یہ ملاقات تین روز قبل پوٹن سے ان کی تاریخی ملاقات کے بعد ہوئی۔ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ پوٹن نے زیلنسکی سے ملاقات پر رضامندی ظاہر کی ہے اور کچھ مغربی سیکیورٹی ضمانتوں کو قبول کیا ہے، تاہم کیف اور مغربی دارالحکومتوں نے ان دعوؤں پر احتیاط کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق پوٹن نے تجویز دی کہ اجلاس ماسکو میں ہو، لیکن زیلنسکی نے فوراً اس تجویز کو مسترد کر دیا۔ٹرمپ نے کہا کہ یورپی ممالک جیسے فرانس، جرمنی اور برطانیہ “زمینی افواج تعینات کرنے کے لیے تیار ہیں”، تاہم امریکہ صرف فضائی مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے زور دیا: “آپ کو میری یقین دہانی ہے کہ امریکی فوج زمین پر نہیں ہوگی، اور میں صدر ہوں۔یورپی رہنماؤں نے امن کے کسی بھی ممکنہ معاہدے کیلئے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ برطانوی وزیر اعظم کیر اسٹارمر نے اتحادی ممالک کے ساتھ مشاورت کے بعد کہا کہ اگر لڑائی رْک گئی تو “ایک ری ایشورنس فورس” کی تعیناتی کے لیے تیاری کی جائے گی۔ اسی دوران نیٹو کے 32 ممالک کے فوجی سربراہان بھی ویڈیو لنک پر یوکرین کے معاملے پر اجلاس کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کا ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ
واشنگٹن، 20 اگست (یو این آئی) امریکہ میں پابندی کے خدشات اور متنازعہ قانون کے باوجود وائٹ ہاؤس نے باضابطہ طور پر ٹک ٹاک پر اپنا اکاؤنٹ بنا لیا۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ایپ کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس کو امریکی خریدار کو فروخت کرنے یا ملک میں ایپ پر پابندی کے خطرے کا سامنا ہے ۔