نیویارک : اقوام متحدہ نے اعلان کیا کہ یوکرین میں تنازعہ ختم کرنا ہر ایک کا فرض ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے ان خیالات کا اظہار یوکرین میں جنوبی افریقہ کی امن کوششوں کے حوالے سے روزانہ کی پریس کانفرنس میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔دوجارک نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کو فون کیا اور انہیں اس اقدام کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ نیک نیت ممالک وہ کچھ کررہے ہیں جو انہیں کرنے کی ضرورت ہے، یہ سب ممالک کی ذمہ داری ہے اور سکریٹری جنرل بھی اپنی ذمہ داری پوری کررہے ہیں۔دوجارک نے نشاندہی کی کہ ہر کوئی چاہتا ہے کہ یوکرین میں تنازعہ اقوام متحدہ کے چارٹر، متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے دائرہ کار میں ختم ہو۔جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے اعلان کیا کہ 6 افریقی ممالک کے رہنما روس یوکرین جنگ کو ختم کرنے کی کوششوں کے تحت ایک امن مشن تشکیل دیں گے۔اپنی فون کالز میں، رامافوسا نے بتایا کہ افریقی رہنماؤں نے روسی صدر ولادیمیر پوتن اور یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلینسکی کو امن مشن کی پیشکش کی ہے اور دونوں رہنماؤں نے امن مشن کی پیشکش کو قبول کیا۔