یوکرین میں توانائی کا بحران زیلنسکی کے انٹرویو کے دوران بھی بجلی سربراہی منقطع

   

کیف، 11 نومبر (یو این آئی) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے انٹرویو کے دوران اچانک بجلی چلی گئی جس کے باعث برطانوی اخبار دی گارڈین کا انٹرویو مختصراً منقطع کرنا پڑا۔ انٹرویو کے آغاز پر ہی بجلی بند ہوگئی تھی، جس کے چند لمحوں بعد جنریٹر کے ذریعہ بحال کی گئی، تاہم انٹرویو کے دوران دو بار بجلی منقطع ہوئی، جس کی ویڈیو گارڈین کے یوٹیوب چینل پر جاری کی گئی ہے ۔ پہلی بار بجلی بند ہوتے ہی انٹرویو کچھ دیر کیلئے روکنا پڑگیا، مگر جنریٹر کے چلنے پر گفتگو دوبارہ شروع کر دی گئی، دوسری بار بجلی بند ہونے پر زیلنسکی نے تاریکی میں بات جاری رکھی، بعد ازاں بجلی جنریٹر کے ذریعہ بحال کی گئی اور انٹرویو مکمل کیا گیا۔ صدر زیلنسکی نے اس موقع پر کہا کہ ایسی بجلی کی بندشیں اب یوکرین کے عوام کیلئے معمول بن چکی ہیں۔