پسماندگان کو صدر نشین اقلیتی کمیشن قمر الدین کا پرسہ
حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر نشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین نے کمیشن کے رکن سردار سریندر سنگھ کے ہمراہ یوکرین میں تیراکی کے دوران حادثہ میں غرقاب ہونے والے حیدرآبادی طالب علم کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیا۔ یہ سانحہ طالب علم کی حیدرآباد واپسی سے چند گھنٹے قبل پیش آیا اور جس دن یہ حادثہ ہوا نوجوان کی سالگرہ تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ تفریح کیلئے ندی گیا تھا۔ نامپلی کی بھاگیہ نگر کالونی سے تعلق رکھنے والے راجندر سنگھ بھاٹیہ اور جسپریت کور کے فرزند 21 سالہ جسپریت سنگھ بھاٹیہ ممبئی کے امیٹی کالج میں بی بی اے میں زیر تعلیم تھے۔40 دن کی انٹرن شپ کیلئے یوکرین روانہ ہوئے تھے۔ دو دن قبل کورس کی تکمیل ہوئی اور حیدرآباد واپسی کیلئے ٹکٹ بک کرلیا۔ اتوار کو سالگرہ تھی لہذا دوستوں کے ساتھ پارٹی کیلئے ندی گئے جہاں اتفاقی طور پر غرقاب ہوگئے۔ فرزند کی ہلاکت کی اطلاع ملتے ہی خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ اقلیتی کمیشن کے صدر قمر الدین اور رکن سریندر سنگھ نے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیا۔ نعش کی منتقلی کیلئے ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ یوکرین کے سفارتی حکام سے ربط میں ہیں۔ محمد قمر الدین نے پسماندگان کو تیقن دیا کہ بہت جلد سفارتی سطح پر کارروائی کرتے ہوئے نعش حیدرآباد منتقل کی جائے گی۔