واشنگٹن : امریکی محکمہ دفاع کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل مارک ملی نے امریکی کانگریس کے سامنے گواہی دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں روس کی جنگ برسوں تک جاری رہ سکتی ہے۔ جنرل ملی نے کہا کہ یوکرین کی مدد کرنے والے امریکہ اور دیگر ممالک بھی اس جنگ میں کچھ عرصے تک شامل رہیں گے۔ جنرل مارک ملی کا کہنا تھا کہ امریکہ کو مشرقی یورپ میں اپنے ’’مستقل اڈے‘‘ قائم کرنے چاہئیں لیکن فوج کو مستقل طور پر کسی ایک جگہ تعینات کرنے کی بجائے انہیں ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل کرتے رہنا چاہیے۔ ملی نے مزید کہا کہ بالٹک ریاستیں، رومانیہ اور پولینڈ اس طرح کے اڈوں کی ادائیگی کے لیے بھی راضی ہیں۔ واضح رہے کہ روس 1990ء کی دہائی کے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے مشرقی یورپی ریاستوں میں ناٹوکے فوجیوں کی مستقل تعیناتی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔