یوکرین میں ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکہ، 4 افراد ہلاک

   

Ferty9 Clinic

کیف۔ 25 اکتوبر (ایجنسیز) یوکرین کے شمالی شہر اووروچ کے ریلوے اسٹیشن پر ایک 23 سالہ نوجوان نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے۔ یوکرینی بارڈر گارڈ سروس کے مطابق نوجوان کے جسم سے بارودی مواد بندھا ہوا تھا جو تلاشی کے دوران پھٹ گیا۔ دھماکہ میں حملہ آور خود بھی شدید زخمی ہوا اور اسپتال لے جاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں، جب کہ سات زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ حملہ آور کا تعلق خارکیف سے تھا اور اسے حال ہی میں بیلاروس کی سرحد عبور کرنے کی کوشش پر گرفتار کیا گیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہ فوجی بھرتی سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہونا چاہتا تھا۔ یوکرینی حکام نے واضح کیا ہے کہ تاحال اس دھماکے کا روس۔یوکرین جنگ سے براہِ راست تعلق ثابت نہیں ہوا۔ حملے کے محرکات اور پسِ پردہ عوامل جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ یاد رہے کہ فروری 2022 میں روسی حملے کے بعد سے یوکرین میں مارشل لا نافذ ہے اور 22 سے 60 سال کے مردوں کو ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں۔ انہیں لازمی طور پر فوجی خدمات کے لیے دستیاب رہنا ہوتا ہے۔ اس قانون کے باعث ہزاروں نوجوان سرحدیں پار کر کے پڑوسی ممالک میں پناہ لینے کی کوشش کر چکے ہیں۔