حالات انتہائی ناگفتہ بہ ،جلد واپسی کو یقینی بنانے کی ویڈیو پیام کے ذریعہ خواہش
حیدرآباد26فروری(یواین آئی)یوکرین میں پھنسے ہندوستانی نوجوان بنکر میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔حیدرآباد کے ایک نوجوان توصیف اور اس کے دیگر ہندوستانی ساتھیوں نے اپنی مشکلات بیان کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھیجا ہے ۔توصیف ایم بی بی ایس سال دوم میں زیرتعلیم ہے ۔اس ویڈیو میں ان کاکہنا ہے کہ بنکر میں جہاں وہ رہنے کیلئے مجبور ہیں، درجہ حرارت منفی تین ڈگری سلسیس ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہوائی حملے مسلسل ہورہے ہیں۔ بیت الخلا اور پکوان کے لئے آدھے گھنٹے کا وقفہ دیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ راشن کی کمی کا ان کو سامنا ہے کیونکہ سوپر مارکٹس بھی بند ہوگئی ہیں۔ان طلبہ نے ہندوستانی حکومت سے اپیل کی ہے کہ جلد از جلد ان کو جنگ زدہ ملک سے ہندوستان محفوظ طریقہ سے پہنچایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ یوکرین میں کل رات سے حالت کافی خراب ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ بنکر چھوڑ کر نہیں جاسکتے کیونکہ ان کے سینئرس ان کو روک رہے ہیں۔ بمباری کی وجہ سے کھڑکیوں میں ارتعاش پیداہورہا ہے اور بم گرنے کی آوازیں آرہی ہیں ۔انہوں نے ہندوستانی سفارتی عہدیداروں پر زوردیا کہ ان کی وطن واپسی کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہاکہ پولینڈ سے طلبہ کو لے جانے کوششوں کا آغاز ہندوستانی حکومت نے کیا ہے تاہم وہ یوکرین کی مشرقی سمت میں ہیں جہاں سے سرحد تقریبا 50کیلومیٹر کے فاصلہ پر ہے ۔انہوں نے کہاکہ یوکرین میں کئی ایسے بم بھی گرے ہیں جو نہیں پھٹے ہیں۔یہ بم کبھی بھی پھٹ سکتے ہیں۔