بنگلور : کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے چہارشنبہ کو کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ یوکرین میں مارے گئے ہندوستانی طالب علم نوین شیکھرپا گیانگودر کی موت پر سیاست کر رہی ہے ۔مسٹر بومئی نے یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا، ‘کانگریس جنگ میں مارے گئے نوین کی موت پر سیاست کر رہی ہے ۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ پارٹی پاتال میں جا چکی ہے ’۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان واحد ملک ہے جو یوکرین میں پھنسے اپنے شہریوں کو واپس لا رہا ہے ۔نوین (21) خارکف نیشنل میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیکل کے آخری سال کا طالب علم تھا۔ وہ روسی گولہ باری میں اس وقت مارا گیا جب وہ کرانے کا سامان خریدنے کے لیے قطار میں کھڑا تھا۔قبل ازیں سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر سدارامیا نے نوین کی موت کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ یوکرین کی صورتحال کا جائزہ لینے اور مناسب کارروائی کرنے میں ناکام رہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزارت خارجہ یوکرین میں پھنسے ہوئے ہندوستانی طلبہ کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے تمام وسائل استعمال کرنے چاہیئیں۔
