یوکرین کو بالٹک اور نورڈک ممالک کی حمایت

   

ریگا، 17 اگست (یو این آئی) یورپ کے بالٹک اور نورڈک خطے کے آٹھ ممالک نے ہفتے کے روز ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے یوکرین کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کیلئے اپنی مضبوط حمایت کی توثیق کی ہے ۔مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صرف یوکرین ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکتا ہے ۔ ان ممالک میں لٹویا، ڈنمارک، ایسٹونیا، آئس لینڈ، لتھوینیا، ناروے ، فن لینڈ اور سویڈن شامل ہیں۔ ان ممالک کے رہنماؤں نے ایک بیان میں کہا کہ یوکرین کے بغیر یوکرین کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہو سکتا اوریورپ کے بغیر یورپ کے حوالے سے بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے یوکرین کیلئے اپنی مضبوط حمایت اور اس بحران کو ختم کرنے کی کوششوں کیلئے اپنے عزم پر زور دیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ انصاف اور دیرپا امن کیلئے جنگ بندی اور یوکرین کیلئے قابل اعتمادحفاظتی ضمانت ضروری ہے ۔ یوکرین کے معاملے پر امریکہ کی آمادگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان ممالک نے کہا کہ یوکرینی افواج یا دیگر ممالک کے ساتھ اس کے تعاون پر کوئی پابندی نہیں ہونی چاہیے ۔انہوں نے یوکرین کو ان ممالک کی فوجی مدد جاری رکھنے اور روس کو روکنے کیلئے یورپ کی حمایت پر زور دیا۔ انہوں نے سکیورٹی کو مضبوط بنانے کی کوششوں پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک روس اپنے حملے جاری رکھے گا، وہ روسی معیشت کو کمزور کرنے کیلئے پابندیوں اور جامع اقتصادی اقدامات کو سخت کرتا رہے گا۔