2 روزہ دورہ پر دہلی آمد ، مودی کے ساتھ چین سمیت باہمی امور پر تبادلہ خیال
نئی دہلی : جاپان کے وزیراعظم فومیو کیشدا نے کہا کہ یوکرین پر روس کا حملہ انتہائی سنگین مسئلہ ہے جس نے انٹرنیشنل آرڈر کی بنیادوں کو ہلا دیا ہے ۔ جاپان کے وزیراعظم 14 ویں انڈو ۔ جاپان سالانہ چوٹی اجلاس میں شرکت کیلئے دو روزہ ہند پر آج نئی دہلی پہونچے ۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ چین سمیت باہمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ نئی دہلی کے حیدرآباد ہاوز میں دونوں قائدین کے درمیان تعمیری بات چیت ہوئی ۔ جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون میں اضافہ کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جاپان کے وزیراعظم کو لداخ کی صورتحال اور چین کی جانب سے سرحد پر فوج کو جمع کرنے سے متعلق تشویش سے بھی آگاہ کیا گیا ۔ دونوں قائدین نے یوکرین میں نیوکلیر تنصیبات کی سیفٹی اور سیکوریٹی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ فوری جنگ بندی کے ساتھ بحران کا بات چیت کے ذریعہ حل تلاش کرنا ہی واحد راستہ ہے۔ جاپان کی جانب سے آئندہ پانچ برسوں کے دوران 42 بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری کی توقع ہے ۔ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں کے لیے 7 لون معاہدات پر رضا مندی ظاہر کی ہے ۔۔