یوکرین کی سرحد پر روسی فوجیوں کی تعداد میں اضافہ سے کشیدگی

   

منسک : یوکرین کی سرحد پر روسی فوجیوں کی تعداد بڑھنے سے خطہ میں کشیدگی بڑھ گئی جس سے امریکہ اور روس آمنے سامنے آگئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں ممالک کیصدور جوبائیڈن اور پوٹن کے درمیان 2 گھنٹے 5 منٹ دورانیہ کی طویل ورچوئل مذاکرات ہوئے جس میں صدربائیڈن نے فوجی کشیدگی کی صورت میں روس پر سخت پابندیوں کا اشارہ دیا۔اس دوران صدرپوٹن نے امریکی ہم منصب سے یوکرین کوناٹو اتحاد سے دور رکھنے، خطے میں امریکی افواج کی تعداد میں کمی اورمہلک ہتھیاروں کی تنصیب روکنے کامطالبہ کیا۔امریکی حکام کے مطابق صدربائیڈن نے روسی ہم منصب کے کسی بھی مطالبے سے متعلق کوئی وعدہ نہیں کیا۔بعد ازاں روسی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہیکہ دونوں رہنماؤں کی بات چیت خوشگوارماحول میں ہوئی اور روسی فوج کسی کیلئے خطرہ نہیں۔بیان میں پیوٹن نے امریکہ اورروس میں سفارتخانوں کے عملے پر عائد تمام پابندیاں ختم کرنیکی تجویز بھی دی۔